وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبے کے حقوق کا مقدمہ کامیابی سے لڑا: بیرسٹر سیف

Published On 04 June,2025 11:17 am

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پشاور جرگے میں صوبے کے حقوق کا مقدمہ کامیابی سے لڑا۔

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وفاقی قیادت کو ایک بار پھر ضم اضلاع کے فنڈز کی منتقلی اور نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے حوالے سے آگاہ کیا، امید ہے اب وفاقی حکومت ضم اضلاع کے فنڈز جلد صوبے کو منتقل کرے گی، ضم اضلاع اب خیبرپختونخوا کا باقاعدہ حصہ ہیں، اس لئے فنڈز کی منتقلی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز کی منتقلی میں تاخیر ضم اضلاع کی ترقی میں رکاوٹ ہے، ضم اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ وفاق اور صوبے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ضم اضلاع کی ترقی دہشت گردی کے خاتمے کی ضمانت ہے۔

صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف خیبرپختونخوا کا نہیں، پورے ملک کا مسئلہ ہے، نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے بقایاجات بھی فوری ادا کئے جائیں، ایک صوبے کو ترقی سے محروم رکھنا وفاق کے لئے نقصان دہ ہے۔