پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے پرانی روش اپنا کر دھاندلی نہیں بلکہ کھلم کھلا ’’دھاندلا‘‘ کیا ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ سمبڑیال کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن جیتنے کے باوجود مایوس، جبکہ تحریک انصاف ہار کر بھی مطمئن ہے، آر اوز کے دفاتر کے باہر ’’بانی چیئرمین زندہ باد‘‘ کے نعرے گونج رہے تھے، اندر نتائج میں تبدیلی کی جا رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے پرانی روش اختیار کر کے دھاندلی نہیں بلکہ کھلم کھلا ’’دھاندلا‘‘ کیا ہے، جعلی حکومت کب تک انتخابی نتائج تبدیل کرتی رہے گی؟ سچ زیادہ دیر چھپ نہیں سکتا۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مقبولیت کو ختم نہیں کیا جا سکتا، یہ انتخابی نتائج نہ صرف مریم نواز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں بلکہ ایک زناٹے دار طمانچہ بھی ہیں، مریم نواز کا ترقیاتی سفر صرف ٹک ٹاک ویڈیوز تک محدود ہے، عوام نے انتخابات میں ٹک ٹاک منصوبوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔