غیرقانونی بھرتیاں کیس: پرویز الہٰی کی حاضری معافی کی درخواست منظور

Published On 04 June,2025 11:36 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی اور محمد خان بھٹی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔

اینٹی کرپشن عدالت لاہور کے جج نے چودھری پرویز الہٰی سمیت دیگر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت کی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے عامر سعید راں ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اپنایا گیا کہ پرویز الہٰی کی طبیعت ناساز ہے، ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے، محمد خان بھٹی بھی بیمار ہیں، عدالت ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔

جس پر عدالت نے دونوں نے حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔

عدالت نے 2 جولائی تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی اور شریک ملزم مختار رانجھا کی بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لئے۔