اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کی لائف لائن ہے، مٹھی بھر دہشت گرد پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ آپریشن بُنیان المرصوص کے دوران بلوچستان پر 32 حملے کئے گئے، جس طرح ہندوستان کو شکست ہوئی اسی طرح بلوچستان میں بھارت کی پراکسیز کو بھی شکست ہوگی اور بلوچستان میں امن واپس لوٹے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت فرسٹریشن کا شکار ہے، اسے جنگ اور بیانیے دونوں میں شکست ہوئی،ان کے اپنے لوگ ان سے سوال کر رہے ہیں، انڈیا اپنی ہار کی خفت مٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے دہشت گردی کو اپنی خارجہ پالیسی کا ایک اہم جز بنایا ہوا ہے، کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل اس کا ثبوت ہے، اسی طرح بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان موجود ہے، کلبھوشن یادیو بھارتی نیوی کا حاضر سروس آفیسر ہے جو خود کو کاروباری شخص ظاہر کر کے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا تھا، کلبھوشن اسی خارجہ پالیسی کے تحت یہاں دہشت گردی کر رہا تھا۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ بھارتی وزراء اور مودی ہمیشہ اپنی تقاریر میں ہمیشہ بلوچستان کا ذکر کرتے ہیں کیوں کہ ان کے ہینڈلر یہاں کارروائیاں کرتے ہیں، فتنہ الہندوستان سے ہماری فورسز بڑے طریقے سے نمٹ رہی ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس حملے میں پٹڑی کو اڑاتے ہوئے دکھایا گیا ہے وہ فوٹیج پاکستان میں موجود نہیں تھی بھارتی میڈیا پر پہلے آگئی، جعفر ایکسپریس حملے پر بھارت میں خوشیاں منائی گئیں، چند بلوچ دہشت گردوں کو بھارتی میڈیا خوب نمایاں کرتا ہے، بھارتی میڈیا بھرپور طریقے سے فیک نیوز کا سہارا لیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نور ولی دہشت گرد کیلئے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ نہیں چلنا چاہیے تھا وہ دہشت گرد ہے، انڈین میڈیا انہیں سیلیبریٹ کرتا ہے۔
وزیراطلاعات نے اس موقع پر ایک ویڈیو پیش کی، جس میں بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی کے حوالے سے حقائق پیش کئے گئے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت متعدد بھارتی وزراء کے بلوچستان سے متعلق بیانات، میڈیا کی خبریں دکھائیں گئیں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن بُنیان المرصوص میں جس طرح ہندوستان کو شکست ہوئی پاکستان ان کی پراکسیز کو بھی شکست دے گا اور بلوچستان میں امن واپس آئے گا۔