راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمیں اب عدلیہ سے کوئی امید نہیں رہی، ہمارے پاس آئینی راستہ ہے وہ احتجاج کا راستہ ہے، اپنا حق حاصل کرنے کیلئے تحریک طرف جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میری بانی سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، ہمارا بجٹ آنے والا ہے اس حوالے سے معاشی ٹیم کی ملاقات بجٹ سے پہلے کرائیں گے، اگر ملاقات نہیں کرائی گئی تو پھر لائحہ عمل طے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری صوبے میں حکومت ہے بانی کی ان پٹ بجٹ لازمی ہے، بانی نے فنڈز انسانی فلاح پر لگانے کا حکم دیا ہے، ہم نے ویلفئیر پر کام کرنا ہے جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ان کو اوپر لانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہم جو ممبرز کو فنڈز دیتے تھے اب براہ راست نہیں دیں گے، اب ممبرز اسکیم دیں گے اور ایک کمیٹی اس کی اسکروٹنی کے بعد فنڈز منظور کرے گی اور بانی نے اس کی منظوری دی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہی ڈرامے بازی پراسیکیوٹر کہہ رہا تھا کہ رات پتا چلا ہے کہ پیشی ہے، پراسیکیوشن تاخیر کررہی ہے، عدلیہ اب آزاد نہیں رہی، کہیں سے نہیں لگ رہا ہمیں انصاف ملے گاو ہمیں کچھ نظر نہیں آرہا ہم احتجاج کا حق رکھتے ہیں، پاکستان کے لیڈر کو جیل میں رکھا گیا ہے، ہم نے تحریک سڑکوں پر چلانی ہے، اس کو ہم حاصل کرکے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کسی بھی قربانی کیلئے تیار، حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے: اسد قیصر
انہوں نے کہا کہ بانی کو اپنے لوگوں پر فخر ہے، قوم کھڑی ہے، لوگوں سے پارٹیاں چھڑوائی جس طرح ووٹ ملا اس سے ثابت ہوگیا قوم جاگ چکی ہے، انہوں نے ہمیں گولیاں ماری جو دنیا کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، ہم نے کوشش کرنی ہے فیصلہ عوام کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک پر قبضہ کرنے والے اس ملک کو تباہ کررہے ہیں، ہمارے ملک کے بجٹ کی شروعات قرضوں سے ہوتی ہے، اگر قرضوں پر گھر چلا تو اس کا سودا کردیں گے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ اس ملک میں انہوں نے کچھ نہیں چھوڑا، بشریٰ بی بی کی ملاقات بھی بند ہے، آج تک کسی نے کسی کی بیوی کے ساتھ ایسا نہیں کیا، ہماری پارٹی کی لیڈرشپ جیلوں میں بند ہے، ہمارے بہت سے ورکر جیلوں میں ہیں، یہ سمجھتے ہیں ہمیں غلام بنالیں گے۔