بھارتی حکومت آنیوالی نسلوں کو پانی کیلئے جنگوں پر مجبور کر رہی ہے: بلاول بھٹو

Published On 05 June,2025 11:09 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت آنیوالی نسلوں کو پانی پر جنگوں پر مجبور کر رہی ہے۔

مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کے برخلاف پاکستان کے 24 کروڑ افراد کے پانی کے حق پر حملہ کر رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کا موقف تھا مقبوضہ کشمیر ان کا اندرونی معاملہ ہے، اب امریکی صدر نے کہا کشمیر عالمی تنازع ہے، 5 دن کی جنگ کا نتیجہ ہے کہ اب بھارتی بھی کہتے ہیں کشمیر دوطرفہ تنازع ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارت کو پاکستان سے ہزاروں مسائل ہوں گے لیکن مذاکرات سے انکار پر مسائل رہیں گے، اگر بھارت بات ہی نہیں کرے گا تو مسئلے کیسے حل ہوں گے؟۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے پانی کو ہتھیار بنا کر پوری دنیا کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے کہا کہ پہلگام واقعہ میں پاکستان کا بالکل کوئی کردار نہیں، پاکستان نے بھارت کو غیر جانبدارانہ عالمی انکوائری کی پیشکش کی، بھارت نے پہلگام واقعہ پر غیرجانبدار انکوائری سے انکار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں اگلی بار جنگ ہوئی تو ٹرمپ کے پاس مداخلت کر کے رکوانے کا وقت نہیں ہوگا، بھارت پاکستان میں کالعدم بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کو سپورٹ کر رہا ہے۔