اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے پروگرام’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی کے ساتھ تین ملاقاتیں کر چکا ہوں، بانی سے کہا ہمیں اپوزیشن کا الائنس بنانا چاہئے۔
فواد چودھری نے کہاکہ ووٹ صرف بانی پی ٹی آئی کا ہے، پی ٹی آئی کی جتنی لیڈرشپ تھی انہیں تو کھڈے لائن لگا دیا گیا، اپوزیشن الائنس نہ بننے کی وجہ تحریک انصاف کی ناتجربہ کاری تھی، بانی نے آئندہ کا لائحہ عمل بارے شبلی فراز کو بتایا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ علی امین گنڈا پور کی بھی بانی سے ملاقات ہوئی ہے، سمبڑیال الیکشن سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی کی مقبولیت کم نہیں ہوئی، ملک کو استحکام کی طرف جانا چاہئے، سینیٹر اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈرجاری ہوئے مگرتقریر کی اجازت نہیں دے رہے۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ 190ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی ہوتے نظر نہیں آرہی۔