وزیراعظم کا مصر کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، دو طرفہ تعاون بڑھانے کا عزم

Published On 07 June,2025 06:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، وزیراعظم نے مصر کی قیادت، حکومت اور عوام کو عید کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران مصر کے تعمیری کردار اور امن کی کوششوں کو سراہا، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر اعظم نے D-8 سربراہی اجلاس کے لئے گزشتہ سال دسمبر میں اپنے دورہ قاہرہ کا ذکر کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مصر کے ساتھ اپنے موجودہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مصر کے ساتھ کئی شعبوں بشمول تجارت، سرمایہ کاری اور صحت میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے، مصر کے صدر نے وزیراعظم کی عید الاضحیٰ کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور اس پرمسرت موقع پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔