وزیراعظم کی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت دی

Published On 26 May,2025 10:10 pm

تہران:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے بھی ملاقات کی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف نے مسلم امہ کے مرکزی رہنما کی حیثیت پر آیت اللہ خامنہ ای کو خراج تحسین پیش کیا اور ایرانی سپریم لیڈر کو حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر بریف کیا جبکہ کشیدگی کے دوران ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے خطے میں ترقی و خوشحالی کے لئے پاکستان کی امن کی خواہش کو اجاگر کیا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات پر آیت اللہ خامنہ ای کو بریف کیا۔

وزیراعظم کا دوران ملاقات اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعلق کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہے، انہوں نے نیوکلیئر توانائی کے معاملے پر ایران امریکہ مذاکرات پر ایرانی قیادت کی دوراندیشی کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعمیری مذاکرات کی امید کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ تعمیری حل اور مذاکرات خطے میں امن و خوشحالی کو فروغ دیں گے جبکہ ایرانی سپریم لیڈر نے خطے میں خوشحالی اور امن کے فروغ میں وزیر اعظم کے کردار کو سراہا، انہوں نے دونوں ممالک کی عوام کی خوشحالی اور تعمیر و ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اعلامیہ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر کی اقبال کی شاعری کے ساتھ وابستگی کو بھی سراہا اور گفتگو کے دوران آیت اللہ خامنہ ای کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔