جوہری تنصیبات پر کسی بھی اسرائیلی حملے کا ذمہ دار امریکہ ہوگا: ایرانی وزیر خارجہ

Published On 22 May,2025 10:13 pm

تہران: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اپنی جوہری تنصیبات پر کسی بھی اسرائیلی حملے کا ذمہ دار امریکہ کو ٹھہرائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ سیدعباس عراقچی نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ ایران کسی بھی غیر قانونی کارروائی کے خلاف فیصلہ کن جواب دے گا۔

عراقچی نے اپنے خط میں کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جوہری تنصیبات پر صیہونی حکومت کی جانب سے کسی بھی حملے کی صورت میں امریکی حکومت بھی اس میں شریک اور قانونی طور پر ذمہ دار ہو گی۔

ایرانی وزیر خارجہ یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی نیوز چینل سی این این کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات پر ممکنہ حملے کی تیاریاں کر رہا ہے رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلیجنس کے پاس نئی معلومات ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہےمگر یہ واضح نہیں کہ کوئی حتمی فیصلہ کیا گیا ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری معاہدے پر پانچویں دور کی بات چیت ہفتے کو روم میں ہونی ہےایران کے یورینیم افزودگی کے معاملے پر دونوں فریقین میں گہرا اختلاف برقرار ہے امریکہ کا کہنا ہے کہ ایران کا افزودگی پروگرام جوہری ہتھیاروں کی تیاری کا راستہ ہو سکتا ہے جبکہ ایران اس الزام کو سختی سے رد کرتا ہے۔