نارووال:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت کی خطے میں نفرت کی سیاست منطقی انجام کو پہنچ رہی ہے۔
اپنے آبائی حلقے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عید الضحیٰ کی پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اگر سمجھتا ہے کہ ہمارے دریاؤں کا پانی روک کر پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا سکتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے، نہ پاکستان کے حصے کا پانی بند کرنے دیں نہ پانی سے کھیل کھیلنے دے گے، ایسا کرنے کے لئے ضروری ہے ترجیحی بنیادوں پر دیامر باشا ڈیم کی تعمیر مکمل کی جائے، جس سے پاکستان کو 6 ملین ایکڑ زائد پانی کو ذخیرہ کرنے کی صلاحیت حاصل ہو گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ میں سمجھتا ہوں آپریشن سندور کا منطقی انجام اب بھارت کے وزیراعظم نریند مودی کی شکست سے ہو گا، وہ صرف اپنی شکست چھپانے کے لئے نت نئی تعمیلیں بیان کر رہے ہیں جو انتقامی نفرت کی سیاست ملک اور خطے میں شروع کی تھی اب منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ چند دنوں میں نیا بجٹ پیش کیا جائے گا، حکومت کی کوشش ہو گی مالیت ڈسپلن کو برقرار رکھا جائے جس کے تحت ہم نے ایک سال میں ملک کی معیشت میں استحکام حاصل کیا ہے، یکم اپریل 2022 کو پچھلی حکومت ملک کی معیشت کو دیوالیہ کرکے گئی تھی۔
ان کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم حکومت اور ایک سال مسلم لیگ ن کی حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کر کے کوشش کی ہے، پاکستان معیشت میں مالیاتی استحکام لایا جائے، بینکوں کا پالیسی ریٹ 23 فیصد سے 11 فیصد پر آچکا ہے مزید کمی کا امکان ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ رہا ہے، ضرورت یہ ہے ہم استحکام کو برقرار رکھتے، پاکستان کی معیشت کو پائیدار راستے کی ترقی پر ڈالیں، حکومت نے اس بجٹ میں جو تجاویز دی ہیں کہ عوام پر ٹیکس کا بوجھ کم ڈالا جائے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے اندر ٹیکس چوری پر قابو پایا جائے، اب ہر پاکستانی شہری کا فرض جس طرح دفاعی شعبے میں کامیابی حاصل کی ہے، اگر معاشی شعبے میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو شہریوں کو چاہئے اپنی آمدن سے ٹیکس ادا کرے۔