لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والے کسی فرد نہیں پورے معاشرے کے محسن ہیں۔
انٹرنیشنل بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر اپنا خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ خون کا عطیہ دراصل کسی کے لیے زندگی کا تحفہ ہوتا ہے اور محفوظ خون کی منتقلی کے ذریعے ہر سال لاکھوں جانیں بچائی جا رہی ہیں، رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والے صرف کسی فرد یا خاندان کے نہیں بلکہ پورے معاشرے کے محسن ہیں۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں پاکستان کا پہلا باقاعدہ ورچوئل بلڈ بینک قائم کیا گیا ہے، اس جدید نظام کے ذریعے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے "4" کا بٹن دبانے سے خون کے عطیہ دہندہ سے فوری رابطہ ممکن ہو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ورچوئل بلڈ بینک کے ذریعے ضرورت مند مریض اور بلڈ ڈونر کے درمیان پل قائم کیا گیا ہے تاکہ بروقت اور صحت مند خون کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلڈ ڈونر 15 ہیلپ لائن، سیف سٹی ویب سائٹ یا قریبی پولیس خدمت مرکز پر رجسٹریشن کرا کر خون عطیہ کرنے کا عزم کریں کیونکہ خون کا ہر قطرہ قیمتی ہے جو کسی ضرورت مند کے لیے زندگی کا پیغام بن سکتا ہے۔