اسرائیل کی جارحیت امریکی سیاست کیلئے سوالیہ نشان ہے: مولانا فضل الرحمان

Published On 14 June,2025 08:27 pm

کراچی:(دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سینیٹر فیصل واوڈا کے گھر پہنچ گئے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے مولانا فضل الرحمان کا استقبال کیا، مولانا آپ میرے گھر تشریف لائے آپکا شکریہ، انہوں نے کہا کہ میرا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بھائیوں جیسا تعلق ہے، میں نے کہا تھا میں زندگی بھر آپ کے ساتھ ہوں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کا دعوت دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، ’پر‘ کو پرندہ نہ بنائیں، میں صرف ایک دعوت پر آیا ہوں ، اچھی بات ہے سب ایک دوسرے سے مل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے بغیر حکومتیں بنتی نہیں ہیں اور حکومتیں چلتی نہیں ہیں، ہم نے عوام کی جنگ لڑنی ہے، ان کے حقوق کی جنگ لڑنی ہے، تمام اسلامی ممالک اس وقت اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کررہی ہے جو امریکی سیاست کے لئے سوالیہ نشان ہے، ایران میں بچوں کو خواتین کو قتل کیا جارہا ہے۔
فیصل واوڈا
سینیٹر فیصل واوڈا کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ میں سیاست میں سٹوڈنٹ ہوں، مولانا صاحب ہم سب کے استاد ہیں، کے پی کے سے کچھ لوگ ٹیکس کو گولی مارنے آرہے ہیں، مولانا بتائیں گے ہم نے جواب کیسے دینا ہے، ان کی رہنمائی تمام پاکستان کے لئے ضروری ہے۔