لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے آئندہ مالی سال کے لیے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا جن کے لیے مجموعی طور پر 310 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، یہ منصوبے صوبے بھر میں جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق لاہور میں عالمی معیار کے ییلو لائن منصوبے کے لیے 80 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، یہ منصوبہ ٹھوکر نیاز بیگ چوک سے ہربنس پورہ تک 24 کلومیٹر کے روٹ پر محیط ہو گا جو کنال کے دونوں اطراف تعمیر کیا جائے گا۔
پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول لاہور کے لیے 600 الیکٹرک بسوں اور 33 بس ڈپو کی تعمیر کے لیے 60 ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے، یہ اقدام صاف ستھری اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں ہی ٹرانسپورٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی تعمیر کے لیے 5 ارب 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، منصوبے کے تحت جدید سہولیات سے آراستہ عمارت دو سال میں مکمل کی جائے گی جو شہر بھر کے ٹرانسپورٹ سسٹم کی نگرانی اور بہتر کارکردگی کو یقینی بنائے گی۔
فیصل آباد میں میٹرو بس سروس شروع کرنے کے لیے 120 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، یہ سروس دسمبر 2026 تک مکمل کیے جانے کا ہدف رکھتی ہے جس سے شہریوں کو سستی اور آرام دہ سفر کی سہولت میسر آئے گی۔
اسی طرح گوجرانوالہ میں بھی میٹرو بس منصوبہ متعارف کرانے کے لیے 30 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جسے آئندہ مالی سال کے دوران ہی مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ منصوبے نہ صرف صوبے کے شہری انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کریں گے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا کریں گے اور پبلک ٹرانسپورٹ کا معیار بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔