لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کا بجٹ ٹیکس فری ہوگا، عوام پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا، بلدیاتی انتخابات جلد ہوں گے۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام ٹیکس تجاویز کو مسترد کر دیا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاری مکمل ہے، جلد بلدیاتی الیکشن کرائیں گے، پچھلی حکومت نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ختم کر دیئے تھے، جب بھی پنجاب میں بلدیاتی الیکشن ہوئے تو وہ مسلم لیگ ن نے ہی کرائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ڈویلپمنٹ بھی امیر کیلئے کچھ اورغریب کیلئے کوئی اور ہوتی تھی، پنجاب کے 64 شہروں میں سڑکیں اور گلی محلوں میں کام ہوگا، پنجاب حکومت ماڈل ویلج بنانے جا رہے ہیں، پنجاب کے کئی شہروں میں نئی سڑکیں اور گلیاں بنیں گی، پنجاب کے 1800 دیہات کسی شہر سے کم نہیں ہوں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہفتے میں 2 میٹنگز صرف اشیاء خورونوش کی قیمتوں کے حوالے سے کرتی ہیں، عیدالاضحیٰ پر بھی اشیا خورونوش کی قیمتیں بڑھنے نہیں دی گئیں۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی بھی صوبائی حکومت میں اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا کوئی میکنزم نہیں، پنجاب حکومت نے اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے پورا ایک ڈیپارٹمنٹ بنایا، اشیا خورونوش کی قیمتوں پر وزیراعلیٰ کا زیرو ٹالرنس ہے۔