خیبرپختونخوا حکومت کا گڈ گورننس کی بہتری کیلئے جامع روڈ میپ تیار

Published On 14 June,2025 10:32 am

پشاور: (ذیشان کاکا خیل) خیبرپختونخوا حکومت نے گڈ گورننس کی بہتری کے لیے جامع روڈ میپ تیار کر لیا جس کے تحت تمام محکموں کے لیے واضح اہداف مقرر کیے گئے ہیں اور ان اہداف کے حصول کے لیے بجٹ میں خطیر رقم مختص کر دی گئی ہے۔

سرکاری دستاویز کے مطابق "گڈ گورننس روڈ میپ" میں ہر محکمہ کو یہ رہنمائی فراہم کی گئی ہے کہ اسے کب، کس سمت میں اور کیسے آگے بڑھنا ہے، اس حکمت عملی کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے بجٹ میں 14 محکموں کے لیے 6 ارب 99 کروڑ 40 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ تفصیلات کے مطابق صحت کیلئے 2 ارب 84 کروڑ 90 لاکھ روپے، زراعت کیلئے 50 کروڑ روپے، ابتدائی تعلیم کیلئے 15 کروڑ روپے، مائنز اینڈ منرلز کیلئے 70 کروڑ روپے، لوکل گورنمنٹ و ہائر ایجوکیشن کیلئے 45 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

اسی طرح انڈسٹری کیلئے 70 کروڑ روپے، سیاحت کیلئے 15 کروڑ روپے، سوشل ویلفیئر کیلئے 25 کروڑ روپے، ہاؤسنگ کیلئے 10 کروڑ روپے اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس کیلئے 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

حکومتی حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری، وسائل کا درست استعمال اور عوام کو خدمات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت روڈ میپ پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کے لیے ایک الگ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن یونٹ بھی قائم کرنے جا رہی ہے تاکہ شفافیت اور احتساب کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔