بجٹ پر جو فیصلہ بانی عمران خان کا ہو گا وہی ہمارا ہوگا: مزمل اسلم

Published On 14 June,2025 11:28 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ بانی نے غصے سے پیغام دیا جب تک میں نہ دیکھوں، اس وقت تک اس بجٹ کو پاس نہیں کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ کی بانی سے بجٹ کے معاملے پر ملاقات ہوئی ہے، جو فیصلہ بانی کا ہوگا وہی ہمارا ہوگا۔

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا ہے کہ وفاق نے ترقیاتی پروگرام کے لیے ایک ہزار ارب روپے مختص کیے ہیں مگر ترقیاتی فنڈز میں خیبرپختونخوا کو نظر انداز کیا گیا، ہم الزام تراشیوں کی سیاست سے باہر نکلے، محصولات کا ہدف 93 ارب روپے رکھا تھا، نان ٹیکس ریونیو میں ہم نے بہت زیادہ ترقی کی۔

انہوں نے کہا کہ شرح نمو پورے ملک کی معاشی کارکردگی کو ظاہر کرتی ہے، وفاق نے ترقیاتی اخراجات کے لیے فنڈز میں خیبرپختونخوا کو نظرانداز کیا،  ہمارا ریونیو اس سال سب سے زیادہ رہا، رواں سال خیبرپختونخوا کو این ایف سی کی مد میں90 ارب روپے کم ملے،  وفاق نے اے ڈی پی کی مد میں 6.1 ارب روپے  دیے۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کا کل قرض اس وقت 709 ارب روپے ہے، رواں سال کسی منصوبے کے لیے کوئی قرض نہیں لیا گیا، سٹرکوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے بجٹ میں 122 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، ضم اضلاع کے لوگ ٹیکس دینے کی پوزیشن میں نہیں جبکہ وفاق نے فاٹا اور پاٹا پر 10 فیصد سیلز ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس سے بھی فاٹا اور پاٹا کو مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے، بجٹ بانی پی ٹی آئی کو دکھا کر پیش کیا جانا تھا، بانی پی ٹی آئی سے گزشتہ 6 ماہ میں ایک بار بھی ملنے نہیں دیا گیا، بانی پی ٹی آئی خیبرپختونخوا اور ملکی معاشی صورتحال پر مجھ سے معلومات حاصل کرنا چاہتے تھے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ بانی نے غصے سے پیغام دیا کہ جب تک میں نہ دیکھو، اس وقت تک اس بجٹ کو پاس نہیں کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ کی بانی سے بجٹ کے معاملے پر ملاقات ہوئی ہے، جو فیصلہ بانی کا ہوگا وہی ہمارا ہوگا۔