خلع کے بعد بیوی کا قتل: سزائے موت پانے والے مجرم وسیم کی اپیل مسترد

Published On 19 June,2025 11:26 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سرگودھا میں خلع کے دو روز بعد بیوی کے قتل میں سزائے موت پانے والے مجرم وسیم عباس کی اپیل مسترد کر دی۔

جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فیصلہ سنا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ مجرم وسیم عباس نے 2020 میں سرگودھا میں اپنی سابقہ بیوی شہناز اختر کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جب وہ فیملی کورٹ سے خلع حاصل کر چکی تھیں، مقدمے میں پولیس تفتیش، میڈیکل رپورٹ اور شواہد کی روشنی میں مجرم کو قصور وار ٹھہرایا گیا تھا۔

عدالت میں سماعت کے دوران ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد نے مجرم کی سزائے موت کے خلاف اپیل کی مخالفت کی اور مؤقف اختیار کیا کہ تمام شواہد مجرم کے خلاف ہیں اس لیے سزا برقرار رکھی جائے۔

دوسری جانب وکیل صفائی نے اپیل کی حمایت میں دلائل دیئے تاہم عدالت ان دلائل سے مطمئن نہ ہوئی اور اپیل کو خارج کرتے ہوئے سزائے موت برقرار رکھنے کا حکم جاری کر دیا۔