لاہور ہائیکورٹ: ویپ اور الیکٹرک سگریٹ کی دکانیں فوری ڈی سیل کرنے کی استدعا مسترد

Published On 16 June,2025 05:47 pm

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ میں ویپ اور الیکٹرک سگریٹ پر پابندی کے خلاف کیس کی سماعت ،عدالت نے ویپ اور الیکٹرک سگریٹ فروخت کرنے والی دوکانیں فوری ڈی سیل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین نے ویپ مال سمیت 74 ڈیلرز کی درخواست پر سماعت کی، پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عمران خان پیش ہوئے۔

درخواست گزاروں کے وکلاء کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت ویپ اور الیکٹرک سگریٹ درآمد کرنے کی اجازت دیتی ہے، کسٹمز ڈیوٹی ادا کرکے کاروبار کررہے ہیں، آئین ہر شہری کو کاروبار کرنے کا حق دیتا ہے۔

وکلائ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پنجاب حکومت نے ویپ اور الیکٹرانک سگریٹ پر پابندی عائد کرتے ہوئے ویپ اور الیکٹرانک سگریٹوں کی دکانوں کو سیل کردیا گیا ہے،عدالت ویپ اور الیکٹرک سگریٹ کی دکانوں کو سیل کر نے ، کاروبار پر پابندی کا اقدام کالعدم قرار دے اور عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک دکانوں کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے ۔

عدالت نے وکلاء کا موقف سننے کے بعد چیف سیکرٹری ، ہوم سیکرٹری اور سی سی پی او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا جبکہ سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔