کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع کوہلو میں ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے بلڈ بینک قائم کر دیا گیا۔
بلڈ بینک میں بلڈ سٹوریج ریفریجریٹر، بلڈ سیمپلنگ، گرپونگ اور خون عطیہ کرنے کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، بلڈ بینک سے کوہلو، میووند، سبی، فاضل چل، کاہان اور بارکھان کے رہائشی مستفید ہو رہے ہیں۔
قبائلی عمائدین اور مقامی رہائشیوں نے کوہلو میں فری بلڈ بینک کو فلاحی منصوبہ قرار دیتے ہوئے ایف سی کے اس کارخیر کو سراہا۔
قبائلی رہنما کوہلو ربنواز ژنگ کا کہنا تھا کہ پہلے کوہلو میں فری بلڈ بینک کی سہولت موجود نہ تھی اور مریضوں کو ڈیرہ غازی خان جانا پڑتا تھا، ایف سی بلوچستان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے کوہلو کے غریب عوام کیلئے یہ سہولت مہیا کی۔
ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال کوہلو نے کہا کہ کوہلو میں کافی بچے تھیلیسیمیا کے شکار ہیں، اس سہولت کی فراہمی سے کوہلو اور ملحقہ علاقوں کے مریض مستفید ہوں گے۔
بلڈ ڈونر قطب خان کا کہنا تھا کہ آج خوشی کا دن ہے کہ بلڈ بینک کی سہولت سے بہت سے مریض فائدہ اٹھا رہے ہیں، ہم ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے شکرگزار ہیں۔