مون سون سیزن، یکم جولائی سے لاہور ایئرپورٹ کو مخصوص اوقات میں بند رکھنے کا فیصلہ

Published On 26 June,2025 06:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مون سون سیزن میں لاہور ایئرپورٹ کو یکم جولائی سے مخصوص اوقات میں بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

لاہور ایئرپورٹ کے رن وے کو مخصوص اوقات میں بند کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں مون سون سیزن کے دوران ایئرپورٹ کے اطراف میں پرندوں کی موجودگی سے متعلق غور کیا گیا۔

پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو یکم جولائی سے 15 ستمبر تک صبح کے اوقات میں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، پرندوں کی بھرمار کی وجہ سے صبح 5 بجے سے 8 بجے تک بند رن وے بند رہے گا۔

تمام ائیر لائنز کو پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کی ہدایت کر دی گئی، چیک اِن کی دستیابی اور ’’ایئر کرافٹ پارکنگ بے‘‘ کو مد نظر رکھتے ہوئے فلائٹ شیڈول کو مرتب کیا جائے، ایئر لائنز انتظامیہ لاونج کی استعداد کے حساب سے اپنی پروازوں کو ایڈجسٹ کریں۔