لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی لاہور جیل میں قید قیادت نے بھی مذاکرات کی اپیل کر دی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے جیل سے مذاکرات کرنے کے لئے بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ملک کے بدترین بحران سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں، مذاکرات ہونا ہر سطح پر لازمی ہیں۔
بیان کے مطابق سیاسی و مقتدرہ سطح پر مذاکرات ہونے چاہئیں، آغاز کار کے طور پر سیاسی بنیادوں پر مذاکرات کئے جائیں، تحریک انصاف کے لاہور میں قید رہنماؤں کو اس کا حصہ بنایا جائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی کی تقرری کے لئے بانی پی ٹی آئی تک رسائی آسان بنائی جائے۔
لاہور جیل سے جاری ہونے والے بیان پر ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، محمودالرشید، شاہ محمود قریشی اور اعجاز احمد چودھری کے دستخط موجود ہیں۔