اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ریاست کو چیلنج ہے میری حکومت گرا کر دکھاؤ۔
وفاقی دارالحکومت میں خیبر پختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کےحصول تک جدوجہد جاری رہےگی، آج پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہمارے اتحاد کا پیغام ہے، تحریک انصاف میں دراڑپیدا کرنا مخالفین کی بھول ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں9مئی سے پہلے گرفتار ہوا تھا، آئین توڑا گیا اورہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، نومئی اور بانی کےخلاف نفرت پھیلانے اور تحریک انصاف کے خلاف سازش تھی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ مجھےگرفتارکرکےبانی کےخلاف بیان دینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا، نو مئی بہانہ تھا بانی پی ٹی آئی نشانہ تھا، آئینی طریقے سےحکومت کونہیں گرایا جاسکتا، خیبر پختونخوا میں گورنرراج لگانا ہے تولگا کردیکھ لیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کے پی پولیس دہشت گردوں کا ڈٹ کرمقابلہ کررہی ہے، سانحات اللہ کی طرف سے ہو جاتے ہیں، آج دہشت گردی کا واقعہ ہوا ہے، پہلےدن سےوفاق کو کہہ رہا ہوں مذاکرات کرو، وفاق سے کہا تھا افغانستان اپنا جرگہ بھیجتے ہیں، میری کوئی بات نہیں سن رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھےکہا جاتا ہے، افغانستان سےبات کرنا میرا اختیارنہیں ہے، اگریہ میرا کام نہیں ہے تو دہشت گردوں کو کس نےروکنا ہے؟ کبھی ڈی جی آئی ایس پی آرسے بھی ایسےسوال کرلیا کرو، ایک سوال میری طرف سےبھی کرنا، ڈی جی آئی ایس پی آرسےپوچھنا آپ کےادارے کوعوام کی کتنی سپورٹ ہے؟۔
سلمان اکرم راجہ
سیکرٹری جنرل تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہمیں کہا جاتا ہے مٹی ڈالو اور آگے بڑھو ، 8فروری کو عوام نکلے یہ تاریخی دن تھا ، اس دن کو ہم بھولیں گے نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی جنگ لڑتے رہیں گے پیچھے نہیں ہٹیں گے، یہ انسانیت اور حقوق کی جنگ ہے ، ہماری سیٹیں چھین لینے سے جنگ ختم نہیں ہوگی۔
بیرسٹر گوہر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمارا ذاتی اختلاف کسی سے نہیں ہے ، آج کے پارٹی اجلاس میں مخصوص نشستوں کے فیصلوں پر غور کیا گیا، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ ڈائیلاگ کی بات کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس کا شوق ہے وہ خیبر پختونخوا میں تحریک عدم اعتماد لا کر دیکھ لے ، جو لوگ تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان کے پاس مطلوبہ نمبر پورے نہیں ہیں۔
شیخ وقاص اکرم
سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جیلوں میں قید کارکنوں کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے، چیف جسٹس ہمارے کارکنوں کی اموات کی تحقیقات کےلیےجوڈیشل کمیشن بنائیں۔