راولپنڈی:(دنیا نیوز) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ جو اراکین اسمبلی بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو گھر جائیں۔
راولپنڈی اڈیالہ جیل کےباہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا عوام کی آوازہے، قومی میڈیا کی اپنی مجبوریاں ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا مجھ سے مشاورت کے بغیر بجٹ پاس نہیں ہونا چاہیے تھا۔
صحافی کے مائنس عمران کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے مائنس عمران خان ہی ہوگیا ہے۔
صحافی نے ایک اور سوال کیا کہ کے پی کے ارکان اسمبلی کہتے ہیں کہ علی امین گنڈاپور بہت طاقتور ہیں ہم اس کو ناں نہیں کہہ سکتے؟ اس پر عمران خان کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ جو اراکین اسمبلی بوجھ نہیں اٹھا سکتے وہ گھر جائیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ سمجھ نہیں آرہی بجٹ پاس کرنے کی کونسی مجبوری تھی، بانی نےکہا سپریم کورٹ جائیں اور بتائیں پارٹی لیڈرکی منظوری کے بغیر بجٹ کیسے پاس ہو سکتا ہے، عمران خان نے کہا جب مشاورتی ٹیم آئے گی تب بجٹ میں تبدیلیاں کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نےکہا اس وقت ہائبرڈ سسٹم نہیں ملک میں مارشل لا ہے، جب کہ ٹرمپ نےصرف فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کیا۔
عمران خان کی ہمشیرہ نے کہا کہ سب کو پتہ ہے جیل میں ملاقات کا کون فیصلہ کرتا ہے؟ مجھے بھی بانی سےملاقات کی اجازت نہیں ملتی، ایران ہمارا ہمسایہ اوربرادرملک ہے، ہمیں ایران سے کچھ سیکھنا چاہیے، ہمیں بھی اپنےحق اور رول آف لا کے لیے کھڑا ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے وزیراعلیٰ گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر ہی بجٹ منظور کر لیا، نئے مالی سال کے لیے صوبائی بجٹ کی منظوری گزشتہ شب دی گئی۔
واضح رہے بجٹ کی منظوری سے پہلے تقریر میں علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے جب بھی ملاقات ہوئی ان کی ہدایت کے مطابق بجٹ میں تبدیلیاں لائیں گے۔