سپیکر پنجاب اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا

Published On 03 July,2025 04:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا۔

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے 26 اراکین کا غیر پارلیمانی رویہ بے نقاب، سپیکر نے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے 26 اراکین کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی رپورٹ جاری کی۔

ریفرنس کے متن کے مطابق ہنگامہ آرائی، بدتمیزی اور سپیکر کی رولنگ کو نظر انداز کرنے پر کارروائی کی گئی۔

متن کے مطابق ایم پی ایز نے اسمبلی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی کی، سپیکر کے بار بار کہنے کے باوجود اراکین نے ایوان میں نظم بحال نہ ہونے دیا۔

ریفرنس کے متن کے مطابق غیر پارلیمانی الفاظ، شور شرابا اور بدنظمی پر کارروائی کی سفارش کی جاتی ہے، اسمبلی قواعد کے رول 210 کے تحت سپیکر نے اختیار استعمال کیا۔

متن کے مطابق ارکان نے جان بوجھ کر کارروائی میں خلل ڈالا اور شور شرابے کے باعث اسمبلی کی کارروائی معطل کرنی پڑی۔

ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اراکین نے ضابطے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جان بوجھ کر بدنظمی پیدا کی۔

ریفرنس میں سپیکر نے ایوان کے قواعد کی شق 15 اور 210 کا حوالہ دیا، سپیکر نے 26 ایم پی ایز کو نااہل کرنے کیلئے فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔

واضح رہے کہ 27 جون کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کے ساتھ ساتھ توڑ پھوڑ کی تھی، سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی تھی۔

28 جون کو سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اپوزیشن کے 26 ارکان کی نااہلی کے لیے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔