اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ 6 سے 10 جولائی تک ملک بھر میں بارش، آندھی اور طوفان کا امکان ہے، شہری علاقوں میں ممکنہ طور پر سیلابی صورتِ حال کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد، لاہور، راول پنڈی، اٹک اور جہلم سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پشاور، دیر، سوات، چترال اور کوہستان سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کوئٹہ، ژوب، زیارت اور قلات سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسنے کے امکانات ہیں، مظفر آباد، وادی نیلم اور راولا کوٹ میں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹھٹہ، بدین، گھوٹکی، خیرپور، شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔
کراچی میں آج بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے ، آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 31 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
پنجاب کے دارالحکومت میں ہوا میں نمی کی شرح میں اضافے کے باعث شہری پسینے سے شرابور ہیں جبکہ طبی ماہرین نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ بارش برسانے والا نیا مون سون سسٹم کل سے دوبارہ پاکستان میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس سے شہریوں کو ایک جانب گرمی سے کچھ ریلیف ملے گا، مگر دوسری جانب شہری نظامِ زندگی پر اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ کلر کہار،پنڈی بھٹیاں، سانگلہ ہل میں بادل گزشتہ شب بھی خوب برسے ہیں، چکوال میں موسلادھار بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، مظفر گڑھ اور پیر محل میں بھی بادل برسے، کراچی میں بھی رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا۔