پشاور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کا گورنر خیبرپختونخوا کی سیاسی سرگرمیوں پر رد عمل آگیا۔
صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے کہا کہ گورنر کا کام آئینی کردار ادا کرنا ہے، سیاسی سرگرمیوں میں مداخلت ناقابل قبول ہے، گورنر ہاؤس کو سیاسی اڈہ بنانا آئین کے خلاف ہے، گورنر غیر جانبدار رہنے کے بجائے اپوزیشن کی زبان بول رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر نے سیاسی کردار نہ چھوڑا تو عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا، صوبے کے گورنر کو سیاسی جلسوں میں نہیں، اپنی آئینی حدود میں رہنا چاہیے، گورنر خیبرپختونخوا جانبداری کا مظاہرہ کرکے آئینی حلف کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
مینا خان کا کہنا تھا کہ گورنر کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ کسی جماعت کے نہیں، ریاست کے نمائندے ہیں، سیاسی کردار ادا کرنا گورنر کے منصب کی توہین ہے، ہم گورنر ہاؤس کی سیاسی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہیں، صوبے کے عوام بھی گورنر کی جانبداری کو نہیں مانتے۔