لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں تین مرتبہ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی، جمہوریت میں ڈائیلاگ سے معاملات حل ہوتے ہیں، ڈیڈ لاک سے نہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ملک کو درپیش معاملات پر بات کریں گے، بجٹ والے دن بھی وزیراعظم نے مذاکرات کی بات کی، میاں نوازشریف بھی ڈائیلاگ کے حق میں ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم ہر معاملے پر نوازشریف اور کابینہ سے بھی مشاورت کرتے ہیں، تحریک انصاف والے فیلڈ مارشل سے متعلق غلط پراپیگنڈا کرتے ہیں، ملک کے بہترین مفاد میں جو بھی بات ہوگی فیلڈ مارشل رکاوٹ نہیں بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے، تمام سیاسی جماعتیں چارٹر آف اکانومی پر مطمئن ہو جائیں، اگر شرائط لگائیں گے تو پھر ڈائیلاگ نہیں ہوتے، بانی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس میں کوئی ابہام والی بات نہیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے مینارپاکستان جلسے میں کہا سب کو مل کر ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہوگا، بانی نے تو ہمارے خلاف ایسے کیسز بنائے تھے جن میں سزائے موت ہو سکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں کئی دفعہ جیل کاٹ چکا ہوں، جیل میں پہلے دو، تین ماہ مشکل ہوتے ہیں پھر عادی ہو جاتے ہیں۔