مقتدرہ کوسمجھنا چاہیے تحریک انصاف بڑی سیاسی جماعت ہے:سلمان اکرم راجہ

Published On 02 July,2025 10:49 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ مقتدرہ کوسمجھنا چاہیے، تحریک انصاف بڑی سیاسی جماعت ہے۔

دنیا نیوزکےپروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگوکرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ فیصلہ سازوں کوہوش کےناخن لینا ہوں گے، جبر کے ذریعے استحکام پیدا نہیں کیا جا سکتا، ہم ہر جگہ اپنی آواز بلند کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے8فروری کو مینڈیٹ اب مخصوص نشستیں بھی چھین لیں، تحریک انصاف بڑی جماعت ہے لوگ اپنی آرا رکھتے ہیں، ہمارے ممبران کو مسلسل ڈرایا، دھمکایا جا رہا ہے۔

سیکرٹری جنرل تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پورنےکوئی غیرمناسب بات نہیں کی، اسیران نے کہا پاکستان کی خاطر مذاکرات کرو، ہمارے تو مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، مقتدرہ کو سمجھنا چاہیے،تحریک انصاف بڑی جماعت ہے، بڑی جماعت کو کچلنے سے ملک میں استحکام پیدا نہیں ہوسکتا۔

سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ لوگوں کو مارپیٹ کر26ویں ترمیم کی گئیں، ایک دن سچ اور حق کی فتح ہو گی، موجودہ حکومت کے پاس جھوٹی اکثریت ہے، کوئی ہمارا ساتھ دے یا نہ دے ہمیں فرق نہیں پڑتا، موجودہ حکومت کے پاس اختیارات نہیں ہے، فیصلہ سازوں کے ساتھ مذاکرات چاہتے ہیں۔