اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کوئی تحریک چلائی تو سختی کے ساتھ روکا جائے گا اور حکومت کو جو مناسب لگا وہ کرے گی۔
دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے وئے مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن میں ٹھیک فیصلے ہو رہے ہیں، اسی فیصلے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور باقی چیف جسٹس بنے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کیا یہ چیف جسٹس اس لیے غلط ہیں کہ وہ ایک مخصوص لابی کی مرضی سے نہیں بنے، سنیارٹی کا فیصلہ ججوں نے کیا ہے، تین سینئر ترین ججز سے بہترین چیف جسٹس ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ خط اچھے نہیں لگ رہے، آج جن لوگوں کو خط اچھے لگ رہے ہیں انہیں جسٹس فائزعیسیٰ کے خط اچھے نہیں لگ رہے تھے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان کو 2024 کے الیکشن پر اعتراض ہے، 2018 کے الیکشن میں ہمیں بھی اعتراض تھا، اگر یہ صوبائی اسمبلیاں نہ توڑتے تو 9 مئی نہ ہوتا، اگر حکومت کو دو یا تین سال مل جائیں تو ہم معاشی بحران سے نکل جائیں گے۔