اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی آج جہاں ہے اپنے غیر سیاسی رویے کی وجہ سے ہے، خود اسمبلیاں توڑ کر استعفے دے کے گھر چلے گئے۔
دُنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ تحریک انصاف میں سب غیر سیاسی لوگ ہیں، کوئی وکیل ہے کوئی چند ماہ سے نمودار ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کبھی بھی سیاسی شخصیت نہیں تھے، سیاسی دماغ ہی سیاسی پارٹیاں چلا سکتے ہیں۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہونے چاہئیں، میں نے پہلے بھی کہا تھا جس پارلیمان میں یہ مذاکرات چھوڑ کر جا رہے ہیں اُسی پارلیمان میں لوٹیں گے۔
وزیرمملکت نے کہا کہ ہماری پارٹی میں کس نے آنا ہے اور کس نے نہیں اس کا فیصلہ جماعت کرے گی، میرا خیال ہے خاقان عباسی اور دیگر لوگوں کو پارٹی چھوڑنی ہی نہیں چاہئے تھی، کیا نہیں دیا اس پارٹی نے ان لوگوں کو ؟ کیا کیا نہیں دیا؟۔