اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے بالائی علاقوں میں لگاتار موسلادھار بارشوں کے باعث تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، جس پر حکام نے ڈیم کے سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔
حکام کی جانب سے سپل ویز کے راستوں میں رہنے والے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی گئی، تربیلا ڈیم سپل وے آپریشن کے باعث دریائے سندھ میں طغیانی کا امکان ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق سپل ویز کھلنے سے پانی کے بہاؤ میں 2 لاکھ 60 ہزار سے 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک تک اضافے متوقع ہے۔
دریائے سندھ کے بہاؤ میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر ملحقہ علاقوں کے مکین آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں، دریائے سندھ کے قریبی سیاحتی مقامات پر سیر و تفریح کے دوران محتاط رہیں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
اس کے علاوہ نوشہرہ، صوابی اور ہری پور میں دریا سندھ کنارے آبادیوں کیلئے الرٹ جاری کر دیا گیا جبکہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ ادارے کو حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی۔
مقامی آبادی کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور دریاوں، آبی گزرگاہوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔