اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ جاری ہے جس سے پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع متاثر ہو رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا موجودہ سسٹم 5 سے 8 جولائی تک برقرار رہے گا، جس کے نتیجے میں آئندہ 2 سے 3 روز تک مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 5 سے 10 جولائی کے دوران مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارشیں متوقع ہیں، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ، چنیوٹ اور فیصل آباد میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 سے 8 جولائی کے دوران بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، مظفرگڑھ، خانیوال، لودھراں، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ 7 جولائی سے صوبے کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس سے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں، ہل ٹورنٹس اور برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، شمالی اور وسطی پنجاب کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اُدھر خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیر بالا، دیر زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، مہمند، چترال، خیبر، اورکزئی، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش متوقع ہے جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں نے خبردار کیا ہے کہ کابل، سوات اور پنجکوڑہ ندیوں میں شدید بارش کے باعث سیلاب آ سکتا ہے جبکہ صوابی، مردان، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات اور شانگلہ کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
علاوہ ازیں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکوں کی بندش بھی متوقع ہے، درجہ حرارت کے لحاظ سے میر کھنی اور پٹن کوہستان میں سب سے زیادہ گرمی 41 ڈگری سینٹی گریڈ، لوئر چترال، دروش، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ، پشاور میں 35 اور تیمرگرہ میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم بارکھان، رکھنی، کوہلو، موسی خیل، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، سبی، قلعہ عبداللہ، زیارت، بولان، ژوب، قلات، مستونگ اور خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ملک بھر میں جاری اس موسمی سلسلے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کئے جا سکیں۔