پشاور: دریائے سوات کے کنارے تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز

Published On 29 June,2025 11:13 am

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر دریائے سوات کے کنارے تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ ادارے مشترکہ آپریشن میں شریک ہیں، آپریشن کے دوران کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی، تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دریائے سوات کے کنارے غیر قانونی مائننگ مکمل طور پر بند کی جا رہی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی کی جائے گی، دریا کے اطراف بیریئرز کی تعمیر کا بھی آغاز کیا جائے گا، دریائے سوات کے بعد تجاوزات کے خلاف آپریشن کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل دریائے سوات میں بے رحم لہروں کی نذر ہو کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے دریائے سوات کے کنارے تمام تجاوزات 3 روز میں ختم کرنے کا حکم دیا تھا اور سوات واقعے کی انکوائری کمیٹی کے اجلاس میں تمام ہوٹلز مستقل بنیادوں پر رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔