رحیم یار خان : (دنیا نیوز) ہیڈ پنجند سے نکلی نہر صادق فیڈر کے شگاف کو 40 گھنٹے بعد بھی پُر نہ کیا جا سکا، 10 دیہات متاثر ہو گئے۔
انتظامیہ کے مطابق نہر میں پڑنے والے 150 فٹ چوڑے شگاف نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے، پانی آبادیوں میں داخل ہونے سے علاقے میں سیلابی صورت حال ہے۔
ضلعی حکام نے بتایا کہ 50 ہزار ایکڑ زرعی اراضی اور سینکڑوں شہری رقبہ بھی متاثر ہوا ہے، کوٹ سمابہ میں 200 سے زائد خاندان بے گھر ہو گئے ہیں، متاثرہ خاندانوں کو مال مویشیوں سمیت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق سیلاب کے باعث مرکزی شاہراہ پر زمینی رابطہ جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے، شگاف بند کرنے میں مزید وقت درکار ہے۔
محکمہ آبپاشی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ریسکیو اور مقامی افراد شگاف پُر کرنے میں مصروف ہیں۔