رحیم یار خان : (دنیا نیوز) رحیم یار خان میں نہر صادق فیڈر میں کوٹ سمبابہ کے قریب 150 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی جس سے 5 دیہات زیر آب گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق نہر صادق فیڈر میں پڑنے والے شگاف سے کئی مکانات منہدم ہو گئے، سکول، گھر اور پختہ سڑکیں زیر آب آ گئیں، پانی شہری حدود اور بازاروں میں داخل ہونے سے ہنگامی صورت حال پیدا ہو گئی، رحیم یار خان کا خانپور سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔
انتظامی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ زیر آب علاقوں میں لوگوں کے انخلا کے لیے مساجد میں اعلانات کروائے گئے ہیں اور لوگوں نے نقل مکانی شروع بھی کر دی ہے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق 20 گھنٹے سے شگاف کو بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس کے لیے ہیوی مشینری کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے مگر پانی کے تیز بہاؤ کے باعث شگاف پر کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، اس سلسلہ میں نہر کو ہیڈ سے بند کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ہیڈ پنجند سے نکلنے والا نہری نظام دنیا کا تیسرا بڑا نہری نظام ہے۔