گرفتاریوں کا ارادہ نہیں، تحریک چلے گی تو اس کا رنگ روپ دیکھیں گے: عرفان صدیقی

Published On 08 July,2025 11:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ہمارا کسی کو گرفتار کرنے کا ارادہ نہیں ہے، جب تحریک چلے گی تو اس کے رنگ روپ کو دیکھیں گے۔

سینیٹرعرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ بانی کے بچوں کو اپنے والد کے لیے تحریک چلانے کا حق حاصل ہے، پی ٹی آئی کے بیانیہ سازی کے کارخانوں کی چمنی سے اب دھواں اٹھنا بند ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے حوالے سے کسی سطح پر کوئی بات نہیں ہو رہی، آصف علی زرداری اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، ریاست، نظام حکومت کو آصف زرداری سے کوئی گلہ شکوہ نہیں۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ نوازشریف جب وزیراعظم تھے تو بنی گالہ خود چل کر گئے تھے، اس وقت نوازشریف نے بانی سے کیا لینا ہے کہ ان کے پاس چل کر جائیں، بانی کے کیسزعدالتوں میں چل رہے ہیں، نوازشریف کس بات پر بانی کو منانے جائیں، ایسی خبرکا گمان بھی نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ جیل، جیل ہی ہوتی ہے، آسان نہیں ہوتی، بانی کے پاس کوئی آپشن نہیں وہ جیل کاٹ رہے ہیں، بانی بار بار کہتے ہیں کہ ادارے سے بات کرنی ہے، بانی آج تک سیاسی حکمت عملی سے کام نہیں لے رہے، اسیران نے خط میں کوئی سہولیات کا رونا نہیں رویا۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ تحریک انصاف کےساتھ مذاکرات کے دوران ہم نے ایک مسودہ تیار کر لیا تھا، تحریک انصاف نے مذاکرات ختم کر دیئے تھے، تحریک انصاف کے 90 فیصد پارلیمنٹیرینز بات چیت چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی ایک زیرک سیاست دان کی طرح دانشمندی کا فیصلہ نہیں کر رہے،27 ویں ترمیم کی بات خلا میں ہے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ 27 ویں ترمیم کے حوالے سے کوئی ڈسکشن نہیں ہو رہی، یہ ٹھیک ہے 26 ویں ترمیم ہو چکی اگر کوئی بھی ترمیم جب ہوگی تو وہ 27 ویں ہوگی۔