ماسکو: (دنیا نیوز) روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک نے کہا ہے کہ روس پاکستان کو قدرتی اتحادی سمجھتا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ طارق فاطمی اور ہارون اختر کی رو سی نائب وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیاسی، اقتصادی، توانائی، صنعتی اور زرعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان، ازبکستان، روس ریلوے منصوبے اور کارگو ٹرین کی اہمیت پر زور دیا گیا، روس کے نائب وزیراعظم نے پاکستان سے تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
طارق فاطمی نے روسی قیادت کے لیے پاکستانی قیادت کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کو عالمی استحکام کیلئے اہم ملک سمجھتا ہے۔
ملاقات میں پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق جاری بات چیت کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیا گیا۔
روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک نے کہا کہ روس پاکستان کو اپنا قدرتی اتحادی سمجھتا ہے، صدر پیوٹن پاکستان سے تعاون کے فروغ کے حامی ہیں، صدر پیوٹن اور وزیراعظم شہباز شریف کی اگست میں ملاقات متوقع ہے۔
اس موقع پر ہارون اختر نے کہا کہ اسٹیل ملز منصوبہ مستقبل کے تعاون کی علامت بن سکتا ہے، پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسی سے معاشی استحکام حاصل ہوا۔