اسحاق ڈار اور انتونیو گوتریس کا رابطہ، سلامتی کونسل کی صدارتی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال

Published On 14 July,2025 12:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں سلامتی کونسل کے صدر کی حیثیت سے عالمی امن و سلامتی اور تنازعات کے پُر امن حل کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا گیا۔

محمد اسحاق ڈار نے اِن مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی جانب سے اپنے دور صدارت میں منعقد کیے جانے والے دستخطی پروگراموں پر بھی روشنی ڈالی، دونوں رہنماؤں نے آئندہ ہفتے نیویارک میں سلامتی کونسل کی صدارت سے متعلق سرگرمیوں کے دوران ملاقات اور تعاون پر اتفاق کیا۔

نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور اس کے عملے کو اِن کے مینڈیٹ کی موثر ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس آج، اسحاق ڈار نمائندگی کریں گے

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی دعوت پر پاکستان کے نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار آج سے 16 جولائی تک چین کے شہر تیاجن میں ہونے والے ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطاق اجلاس میں چین، بیلاروس، بھارت، ایران، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے دوران محمد اسحاق ڈار دیگر ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔