جنوبی ایشیا میں پائیدارامن کیلئے دیرینہ تنازعات کا حل ضروری ہے: اسحاق ڈار

Published On 15 July,2025 05:57 pm

تیانجن:(دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدارامن کیلئے دیرینہ تنازعات کا حل ضروری ہے۔

چین کے شہر تیانجن میں اسحاق ڈار کا ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایس سی اواجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیےاعزازہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کودرپیش چیلنجزمیں ایس سی اوکی اہمیت بڑھ گئی ہے، ایس سی او خطے میں امن کیلئے اہم پلیٹ فارم ہے جب کہ پاکستان طویل مدتی تنازعات کےپرامن حل کا حامی ہے۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی ایران پرجارحیت قابل مذمت ہے، غزہ میں اسرائیلی مظالم پرشدید تشویش ہے، غزہ میں عالمی برادری اپنا کردارادا کرے، پاکستان مسئلہ فسلطین کے دوریاسی حل کا بھی حامی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ متنازع علاقوں کی حیثیت تبدیل کرنےکی یکطرفہ کوششوں کی مخالفت کرتےہیں، بھارت کےساتھ کشیدگی کےدوران پاکستان نےذمہ دارانہ کردارادا کیا، جنوبی ایشیا میں پائیدارامن کےلیےدیرینہ تنازعات کا حل ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ سیز فائر پرعمل درآمد کے لیے پرعزم ہے، افغانستان میں امن ایس سی اوخطے کے مفاد میں ہے، دہشت گردی انسانیت کا مشترکہ مسئلہ ہے، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی سےعالمی امن کو شدید خطرہ ہے، غربت کےخاتمےکےلیے پاکستان کی قیادت میں خصوصی ورکنگ گروپ کی کوششیں جاری ہیں۔