متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث بدنام زمانہ خارجی ہلاک، ورثاء کا لاش لینے سے انکار

Published On 16 July,2025 11:24 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) معرکہ حق و باطل میں ایک اور خارجی اپنے انجام کو پہنچا دیا گیا، سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں بھارت کی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) کے خلاف کامیاب آپریشن کے دوران بدنام زمانہ دہشتگرد حمید اللہ کو جہنم واصل کر دیا۔

حمید اللہ پاکستان میں ہونے والے متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث تھا اور اسے بھارتی خفیہ اداروں کی مالی، تکنیکی اور انٹیلی جنس معاونت حاصل تھی۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی بروقت اور درست کارروائی کے نتیجے میں نہ صرف ایک بڑا خطرہ ختم ہوا بلکہ ایک اور خارجی منصوبہ بھی ناکام بنا دیا گیا۔

حیران کن طور پر حمید اللہ کی ہلاکت کے بعد اس کے خاندان نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا، اس کے والد نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حمید اللہ نے جو دہشتگردانہ حملے کیے وہ ہمارے عقیدے، اسلام اور انسانیت کے سراسر خلاف ہیں، میں حکومت پاکستان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس کی لاش کو ختم کر دے۔

اسی طرح حمید اللہ کے بھائی نے بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بھائی کے حملے اسلامی تعلیمات اور انسانی اقدار کے برخلاف تھے، ہم اس کی کسی کارروائی کے حمایتی نہیں۔

یہ واضح موقف اس بات کا بین ثبوت ہے کہ پاکستانی عوام دہشتگردی اور شدت پسندی کے خلاف متحد ہیں۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق یہ واقعہ ان نوجوانوں کے لیے کھلی تنبیہ ہے جو گمراہ کن نظریات کے زیر اثر شدت پسندی کی راہ پر چل پڑتے ہیں، ان کا انجام صرف بدنامی، رسوائی اور بربادی ہوتا ہے، نہ دنیا میں عزت، نہ آخرت میں بخشش۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت خطے میں امن کو سبوتاژ کرنے کے لیے پاکستان میں فتنہ الخوارج جیسے گروہوں کو مالی و تکنیکی امداد فراہم کر رہا ہے لیکن پاکستان کی افواج اور عوام ایسی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

افواج پاکستان کے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ جاری ہے اور عوام کے تعاون سے ان ناسوروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

یہ واقعہ اس امر کی علامت ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر دہشتگردوں کے لیے نہ کوئی پناہ ہے نہ ہمدردی، اور نہ ہی کوئی گنجائش۔