کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ایک سال قبل ٹانگ سے محروم کی جانے والی اونٹنی کو مصنوعی ٹانگ لگا دی گئی۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ عطا مری نے اونٹنی کی نئی تصاویر جاری کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں سانگھڑ کے ایک زمیندار نے کھیتوں میں داخل ہونے پر اونٹنی کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور تیز دھار آلے سے اس کی ٹانگ کاٹ دی تھی، اونٹنی کو علاج کیلئے کراچی منتقل کیا گیا تھا اور پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔
کراچی میں اونٹنی کو اینیمل ویلفیئر کے شیلٹر ’’سی ڈی آر ایس‘‘ بینجی پروجیکٹ منتقل کیا گیا تھا۔
ڈائریکٹر سی ڈی آر ایس بینجی پروجیکٹ سارہ جہانگیر کے مطابق اونٹنی جب آئی تو خوفزدہ اور شدید تکلیف میں تھی، اونٹنی کے لئے خاص طور پر تیار کردہ مصنوعی ٹانگ امریکا سے منگوائی گئی تھی۔
شیلٹر نے اپنی ٹیم، حامیوں، پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری، ان کی بہن سینیٹر قرۃالعین مری اور سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشن پر غیر متزلزل اعتماد کیا۔