انصاف کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں، انسانیت کا اجتماعی فرض ہے: چیف جسٹس

Published On 17 July,2025 03:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف کسی ایک فرد یا ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ انصاف انسانیت کا اجتماعی فرض ہے۔

عالمی یوم انصاف پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کے دن عدل، مساوات اور قانون کی حکمرانی کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، انصاف کسی ایک فرد یا ادارے کی ذمہ داری نہیں، انصاف انسانیت کا اجتماعی فرض ہے، انصاف کی حد سرحدوں سے ماورا ہے جو امن اور انسانی حقوق کی بنیاد ہے۔

 جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ دنیا کے مسائل کا واحد حل قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی ہے، دہشت گردی، انسانی سمگلنگ، ماحولیاتی بحران جیسے مسائل کا حل عدالتی نظام ہے، پاکستانی عدلیہ عالمی انصاف کی کوششوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ عدالتی اصلاحات اور محروم طبقے کی آواز بننا ہماری اولین ترجیح ہے۔