واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی جریدے بلوم برگ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورے کے بعد پاک امریکہ تجارتی تعلقات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ امریکی صدر نے پاکستانی آرمی چیف کا وائٹ ہاؤس میں غیرمعمولی خیرمقدم کیا، اس کے بعد پاکستان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کی۔
امریکی جریدے نے لکھا کہ پاکستان نے اپریل میں ٹرمپ خاندان کی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے۔
رپورٹ کے مطابق آرمی چیف کے دورے کے بعد تجارتی مذاکرات میں حوصلہ افزا پیشرفت ہوئی ہے، پاکستان اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات میں بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں۔
ادھر پاکستان کی وزارت خزانہ کے مطابق جمعہ کو واشنگٹن میں امریکہ کے ساتھ ہونے والے تجارتی مذاکرات مثبت اور نتیجہ خیز رہے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینا تھا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی سیکریٹری برائے تجارت ہاورڈ لٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے، سفیر جیمیسن گریئر سے ملاقات کی، فریقین نے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، جو کہ پاک-امریکہ دو طرفہ تعلقات کی بنیاد ہے۔
امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ تجارتی مذاکرات میں حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے اور پاکستان چاہتا ہے کہ عائد کیے گئے ٹیرف سے ریلیف حاصل کیا جاسکے، پاکستان جولائی کے اوائل میں معاہدہ مکمل کرنے کی توقع رکھتا تھا تاہم تجارتی مذاکرات کی رفتار توقع سے سست رہی ہے۔