اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے نے 19 تا 25 جولائی ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا۔
الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں 25 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں جس سے دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالہ اور بارہ نالہ میں طغیانی کا خطرہ ہے، نوشہرہ، مالاکنڈ، سوات، دیر، اور بالائی پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں بشمول، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، ساہیوال، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
الرٹ کے مطابق لاہور، راولپنڈی، ملتان اور دیگر شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے، سندھ کے اضلاع بشمول کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد، ٹھٹھہ، بدین، لاڑکانہ، جامشورو، نوابشاہ اور میرپورخاص میں بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں مون سون کے چوتھے سپیل کا کل سے آغاز، سیلابی صورتحال کا خدشہ
بارشوں کے باعث سندھ کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال، سڑکوں، گلیوں اور انڈرپاسز میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں، بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں، ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیا اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا قبل از وقت بندوبست رکھیں۔
مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں، سیلابی علاقوں کے مکین ٹی وی اور موبائل الرٹس کے ذریعے سرکاری اعلانات اور الرٹس سے آگاہ رہیں
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، عوام ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لیں۔