سرگودھا، اسلام آباد: (دنیا نیوز) دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ضلع سرگودھا کی تین تحصیلوں بھیرہ، شاہپور اور چھوٹا ساہیوال کے 40 دیہات کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ان علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں متاثرہ افراد کو ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ 200 سے زائد اہلکاروں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے اور دریا کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے جہلم میں لنگر والا کے مقام پر 21 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، جس کے باعث دریا کے کناروں پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، عوام کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ دریا کے قریب نہ جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کی جانب سے بھی کیمپس قائم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو طبی سہولیات اور جانوروں کی دیکھ بھال فراہم کی جا سکے۔
سیلابی ریلے میں شہید ہونے والے کانسٹیبل حیدر علی کو خراج عقیدت
جہلم میں سیلابی ریلے کے دوران ریسکیو آپریشن میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پنجاب پولیس کے کانسٹیبل حیدر علی کی ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں انہیں لوگوں کو بچاتے ہوئے ریلے سے مزاحمت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
کانسٹیبل حیدر علی گزشتہ روز ریسکیو کرتے ہوئے سیلابی پانی میں بہہ گئے تھے اور ان کی میت 24 گھنٹے بعد رسول نگر کے قریب سے ملی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کانسٹیبل کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل حیدر علی نے دوسروں کی زندگیاں بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی، وہ قوم کا سچا ہیرو ہے، اُن کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
محسن نقوی نے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت شہید خاندان کے ساتھ کھڑی ہے، حیدر علی نے فرض شناسی، شجاعت اور قربانی کی بے مثال مثال قائم کی، جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔