پاک فوج مختلف علاقوں میں سیلاب میں پھنسے افراد کی زندگیاں بچانے میں مصروف

Published On 17 July,2025 02:03 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج نے کامیاب ہیلی ریسکیو مشن مکمل کرکے سیلاب میں پھنسے افراد کی زندگیاں بچا لیں۔

پنجاب میں حالیہ بارشوں کے باعث مختلف علاقے سیلابی صورتحال سے دوچار ہیں، پاک فوج عوام کی مدد کے لیے ایک بار پھر میدان میں آگئی اور سیلاب متاثرین کو فوری ریسکیو کرنے کا عمل شروع کردیا۔

راولپنڈی کے چکری روڈ پر سیلاب میں پھنسے خاندان کی مدد کے لیے پاک فوج نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پھنسے لوگوں کو بچا لیا۔

متاثرہ خاندان چکری روڈ، گاؤں لڈیان میں مکان کی چھت پر پناہ لیے بیٹھا تھا، خراب موسم کے باوجود پاک فوج کا ہیلی مشن کامیابی سے مکمل ہوا، شدید سیلاب میں گھرے تینوں افراد کی زندگیاں بچا لی گئیں۔

رسول نگر خورد، برہان نالہ، ڈھوک بڈار جہلم میں مون سون بارشوں کے باعث مسلسل طغیانی پر پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرین کی مدد کر رہی ہیں، پاک فوج کے نوجوان متاثرین کو لائف جیکٹس اور فوری امداد

انتظامیہ اور فوجی اہلکار صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، پاک فوج آزمائش کی اس مشکل گھڑی میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے۔