ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے رود کوہیوں میں فلڈ بارے الرٹ جاری

Published On 11 July,2025 10:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب نے ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے رود کوہیوں میں فلڈ بارے الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ غازی خان اور راجن پور رودکوہیوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، 12 جولائی کو رات 3 بجے تک رودکوہیوں میں سیلابی صورتحال بن سکتی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کمشنر ڈیرہ غازی خان، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کو ممکنہ صورتحال بارے الرٹ جاری کر دیا، ریسکیو 1122 کو تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی عرفان کاٹھیا نے کہا کہ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے، ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔

عرفان کاٹھیا نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا سٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے، عوام الناس کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے، دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلاء کو یقینی بنائیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، پینے کے صاف پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں، حکومت پنجاب آپ کا اور آپ کے مال مویشیوں کا پوری طرح سے خیال رکھے گی، شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔