پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی صورتحال میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ، وارننگ جاری

Published On 07 July,2025 04:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 7 سے 9 جولائی کے دوران پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی صورتحال میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے، دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی۔

دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ نالوں بہیں، بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے رود کوہیوں میں فلیش فلڈنگ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ممکنہ صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122 کو تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایات کی ہیں۔

لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو سٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔