اٹک: (دنیا نیوز) اٹک کے شادی خان گاؤں کے قریب دریائے سندھ کے علاقے میں پھنسے 30 چرواہوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ اٹک کے شادی خان گاؤں کے قریب 30 چرواہے بیوی بچوں سمیت دریائی علاقے میں پھنس گئے تھے، امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر بھیجی گئیں جنہوں نے تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق چرواہے دریائی علاقے میں مویشی چرا رہے تھے، دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے سے راستے بند ہو گئے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں طوفانی بارشوں اور پہاڑوں سے برف پگھلنے کے سبب ملک بھر میں دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے جس سے کئی جگہوں پر سیلابی صورت حال بھی پیدا ہوئی ہے۔
اسی ہفتے دریائے سوات میں سیالکوٹ اور مردان کے سیاح سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہوئے، حکام کی جانب سے ہدایات جاری کی جا رہی ہیں کہ شہری نشیبی علاقوں اور دریائی علاقوں سے دور رہیں۔